اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کرپشن مقدمات کا سامنا کرنے والے اسرائیلی وزیراعظم کو چارجز سے بچانے کے لیے اپوزیشن کی شدید مخالفت کے باوجود صرف 5 ووٹ کی برتری سے بل منظور کیا گیا، بل وزیراعظم کی پارٹی کی جانب سے ایوان میں پیش کیا گیا جس کے حق میں 59 اور مخالفت میں 54 ووٹ ڈالے گئے۔
بنیادی طور پر اس بل میں پولیس کے اختیارات کو محدود کیا گیا ہے جب کہ تجزیہ نگاروں اور ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومتی بل کا مقصد صرف اور صرف وزیراعظم کو کرپشن اسکینڈل میں تحفظ فراہم کرنے کا ہے۔
نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ یہ قانون بے گناہ لوگوں کو تحفظ دے گا، خصوصاً ان افراد کو جو روزانہ پولیس کی تفتیش کی اذیت کا سامنا کرتے ہیں تاہم ناقدین کا ماننا ہے کہ یہ قانون دراصل پولیس کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف جاری تفتیش کے اختیارات کو کم کرنا ہے جب کہ حزب اختلاف نے بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ نیتن یاہو کو اس وقت دو کرپشن اسکینڈلز کا سامنا ہے جس میں پولیس نے ان سے تفتیش بھی کی ہے جب کہ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے سیاسی مقدمات قرار دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲